30 جنوری 2017ء

پاکستان موبائل ایپلیکیشنز ایوارڈ2016 کی تقریب کل منعقدہو گی

(اسلام آباد: 30جنوری 2017) پاکستان موبائل ایپلیکیشنز ایوارڈ2016کی تقسیم انعامات کی تقریب کل (31 جنوری ) اسلام آباد میں منعقدہو گی۔ ٹیکنالوجی میں تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ، ترقی اور اسے قابل رسائی بنانے کے لئے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی( پی ٹی اے) اور انٹرنیٹ سوسائٹی (آئی ایس او سی) ایشیاپیسفک بیورو نے وزارت آئی ٹی اور ٹیلیکام، نیشنل آئی سی ٹی آر اینڈ ڈی فنڈ، ٹیلی نار پاکستان، سپیشل ٹیلنٹ ایکسچینج پروگرام (ایس ٹی ای پی) ، پاکستان فاؤنڈیشن فائٹنگ بلائنڈ نیس، پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل اور پاکستان یوتھ فاؤنڈیشن آف ڈیف اینڈ ہارڈ آف ہیئرنگ کے تعاون سے ’’پاکستان موبائل ایپلیکیشنز ایوارڈ2016‘‘ کا آغاز کیا ۔ متعدد سٹیک ہولڈرز کی دلچسپی اور تعاون کی بدولت ایوارڈ کی یہ تقریب اپنی نوعیت کی ایک منفرد تقریب کی حیثیت رکھتی ہے۔
وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن انوشہ رحمان احمد خان اس موقع پر مہمان خاص کی حیثیت سے تقریب میں شرکت کریں گی۔ چےئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر سید اسماعیل شاہ، پی ٹی اے اور نفارمیشن ٹیکنالوجی کے ممبران ، ٹیلی کام موبائل آپریٹرز ، انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرز اور تعلیمی اداروں کے نمائندے اس تقریب میں شرکت کریں گے۔ 
پاکستان موبائل ایپلیکیشنز ایوارڈ2016 میں شرکت اور اس اعلیٰ ایوارڈ کو جیتنے کیلئے نئے ایپلیکیشنز ڈیویلپرز کو اپنی تخلیق مقابلے میں لانے کی دعوت دی گئی ۔ اس سال کا موضوع" موبائل فونز تک دسترس"تھا جس کا مقصد پاکستان میں معذور افراد کیلئے موبائل ایپلیکیشنز تیار کرنا ہے۔ ایک خودمختاربین الاقوامی ذریعہ کے مطابق پاکستان کی10-15 فیصد آبادی کسی نہ کسی معذوری میں مبتلا ہے۔ لہذا ان افراد کو اپنے اور اپنے خاندان کیلئے زیادہ سے زیادہ کارآمد، خودکفیل اوربہتر زندگی کیلئے ٹیکنالوجی میں تیزی سے متعلقہ تبدیلیاں لانے کی ضرورت ہے۔
اس مقابلہ کے حوالے سے پاکستان کے بڑے شہروں میں طلباء اور پیشہ ور موبائل ایپلیکیشن ڈویلپرز میں شعورپیدا کرنے کے لئے مختلف سیشن منعقدکئے گئے۔ ان ورکشاپس کا مقصد موبائل فون تک رسائی کے متعلق آگاہی اور معذور افرادکی ضروریات کا تعین کرناتھا۔ یہ ورکشاپس پاکستان کے مختلف شہروں اسلام آباد ، لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں منعقد کی گئیں جن کے ذریعے افراد اور گروپس کو مقابلہ میں شرکت کیلئے راغب کیا گیا۔
موبائل ایپلیکیشنز ایوارڈ2016 کی جیتنے والی ٹیم کو300,000/-روپے نقد انعام دیا جائے گا۔ جیتنے والی ٹیم کو ان کی دلچسپی کی بنیاد پر پی ٹی اے کی ایم لیب میں بھی ان کی صلاحیت میں بہتری کیلئے مزید تربیت دی جائے گی۔ اس مقابلہ میں پہلے رنر اپ کو 200,000/-روپے ، دوسرے رنر اپ کو100,000/-روپے کے انعامات دیئے جائیں گے۔ مقابلہ میں ایپلیکیشنز کے مستقبل میں کارآمد اور مفید ہونے کے حوالے سے 50,000/- روپے کے دو انعامات بھی دیئے جائیں گے۔

 

خرم علی مہران
ڈائیریکٹر تعلقات عامہ