15 جولائی 2016ء

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی پریس ریلیز آئی ٹی یو ۔پی ٹی اے ایشیاء پیسفک ریگولیٹرز راؤنڈ ٹیبل کانفرس اور بین الاقوامی تربیتی پروگرام 18سے 22جولائی تک اسلام آباد میں منعقد ہو گا

پریس ریلیز 


اسلام آباد( 15جولائی 2016): انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین(آئی ٹی یو) اورپاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے) کے زیر اہتمام مشترکہ طور پرآئی ٹی یو ۔پی ٹی اے ایشیاء پیسفک ریگولیٹرزراؤنڈ ٹیبل اور انٹرنیشنل ٹریننگ پروگرام2016(آئی ٹی پی)اسلام آباد میں18 سے 22 جولائی 2016 تک منعقد ہو رہا ہے۔ ان بین ا الاقوامی تقریبات کا افتتاحی سیشن 18جولائی2016 کواسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوگا۔ جس میں ایشیا پیسفک خطے کے 23ممالک کے نمائندوں کی شرکت متوقع ہے۔
سیکریٹری جنرل آئی ٹی یو ہاؤلن زاؤ ، وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونکیشن انوشہ رحمان خان، چیئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر سید اسمعٰیل شاہ، ٹیلیکام آپریٹرز کے نمائندے، انٹرنیٹ سروس پرووائڈرز، تعلیمی ادارے، بینک،انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی سے متعلقہ افراداور کمرشل کمپنیزکے نمائندے اور دیگر افتتاحی سیشن میں شریک ہوں گے۔ 
چھٹی سالانہ ریگولیٹر راؤنڈ ٹیبل کانفرس18تا19 جولائی2016 کو منعقد ہو گی۔جس کا مقصد ٹیلی کمیونیکیشنز/ آئی سی ٹی ریگولیٹرز کوخطے میں نت نئے مسائل اور مشکلات پر قابو پانے، تجربات کا تبادلہ اور مشاورت کے لئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔یہ کانفرس پاکستان میں پہلی بار منعقد ہو رہی ہے۔ 
انٹرنیشنل ٹریننگ پروگرام20 سے22 جولائی2016 تک جاری رہے گا جس میں ریگولیٹری مسائل اور پالیسی پرمبنی امور زیر بحث آئیں گے۔ نئے آئی سی ٹی ماحول سے ہم آہنگی اور اعلیٰ استعداد کار کے حصول پر بھی بحث ہوگی۔ یہ ایونٹ پاکستان کو بین الاقوامی تجربات سے روشناس کرائے گا۔ 
تربیت کے دوران جن موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ان میں براڈ بینڈ برائے نیٹ ورک سوسائٹی ،ڈیجیٹل فنانشل انکلوژن اینڈ موبائل، سائبر سکیورٹی، کنزیومر پروٹیکشن اینڈ کوالٹی آف سروس، او ٹی ٹی پلےئرز، چیلنجز، مواقع، ریگولیٹری ایمپیکٹ اسیسمنٹ، سپیکٹرم مینجمنٹ، معذور افراد کے لئے آئی سی ٹی پروگرامز اور خواتین کو بااختیار بنانے جیسے موضوعات اس ٹریننگ پروگرام کا حصہ ہوں گے۔