10 مئی 2018ء

پی ٹی اے کے زیر اہتمام ڈیوائس آئیڈینٹی فیکیشن رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم (ڈی آئی آر بی ایس) کاافتتا ح

اسلام آباد 10مئی 2018:پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے زیر اہتمام ٹیلی کام پالیسی 2015 کی روشنی میں آج پی ٹی اے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں تھری جی ٹیکنالوجیز کے تعاون سے ڈیوائس آئیڈینٹی فیکیشن رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم (ڈی آئی آر بی ایس) کا افتتاح کیا گیا۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین پی ٹی اے محمد نویدتھے۔ عبدالصمد ممبر کمپلائنس اینڈ انفورسمنٹ پی ٹی اے، ایگزیکٹو ڈاےئریکٹر تھری جی ٹیکنالوجیز، آئی ٹی اور ٹیلی کام شعبے کے ماہرین، ٹیلی کام کمپنیوں اور میڈیا کے نمائندوں نے تقریب میں شرکت کی۔ ممبر کمپلائنس اینڈ انفورسمنٹ نے ڈی آئی آر بی ایس کے حوالے سے تفصیلی پریذینٹیشن دی۔

دوران تقریب چیئرمین پی ٹی اے نے اپنے خطاب میں کہا کہ اتھارٹی صارفین کی ضروریات سے بخوبی آگاہ ہے اور ہم نے ان کے مسائل کے حل کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔ اس نئی سروس کا آغاز بھی پی ٹی اے کی بصیرت اور صارفین کے حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ پی ٹی اے کی مخلصانہ کاوشوں کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام کے نفاذ سے غیر معیاری، جعلی، غیرقانونی طور پر درآمد شدہ موبائل فونز کی شناخت، رجسٹریشن اور موبائل فون نیٹ ورکس پر نان کمپلینٹ ڈیوائسز کی غیر قانونی درآمد کی حوصلہ شکنی، قانونی درآمدات اور موبائل ڈیوائس استعمال کنندگان اور سکیورٹی کی مجموعی صورت حال میں بہتری آئے گی۔

چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ پی ٹی اے نے صارفین کو ہمیشہ ٹیلی کام کی بہترین خدمات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے حقوق کے تحفظ پر بھی زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلی کام کی ترقی کے اعداد و شمار اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ صارفین ان خدمات کے معیار سے مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج موبائل آپریٹروں نے اپنا دائرہ کار پاکستان کی 65% آبادی تک بڑھادیا ہے۔ 2014 میں براڈبینڈ کی رفتار بھی کم تھی اور صارفین کی تعداد 1.3 ملین تھی۔ آج 2018 میں صارفین کی تعداد 50 ملین اور موبائل براڈبینڈ کی رفتار 20 ایم بی (ڈاؤن لوڈ) سے بھی زیادہ ہے اور فکسڈ براڈ بینڈ کی رفتار 100 ایم بی (ڈاؤن لوڈ) سے زائد ہے۔

واضح رہے کہ ڈیوائس ویری فیکیشن سسٹم (ڈی وی ایس) سے پی ٹی اے ریگولیشنز کے مطابق صارفین dirbs.pta.gov.pk سے اپنے فون کی آئی ایم ای آئی 8484 پر ایس ایم ایس کرکے موبائل ڈیوائسز کی تصدیق کرسکتے ہیں یا گوگل اور ایپل پلے سٹور سے ڈی آر بی ایس اینڈرائڈ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ 


 طیبہ افتخار
اسسٹنٹ ڈائیریکٹر تعلقات عامہ